ابنا: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے برما، ہندوستان کی ریاست آسام سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم، سفاکیت و درندگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جانب سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور معنی خیز خاموشی کو ترک کرکے مسلمانوں کی داد رسی کیلئے موثر انداز میں کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کارکنوں کے اجتماع و بعد ازاں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ برما، ہندوستان کی ریاست آسام، کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر میں تسلسل کے ساتھ مسلمانوں کو ظلم کو تشدد و سفاکیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے برما اور بھارتی ریاست آسام میں مسلم کش فسادات پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی کرب ناک اور اذیت ناک ہے۔ انہوں نے برما کے مسلمانوں کے قتل عام کو بین الاقوامی سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام خواب غفلت سے بیدار ہو کر اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے۔
اس موقع پر انہوں نے یوم القدس کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوم القدس کا مقصد صرف مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کیلئے صدائے احتجاج بلند کرنا نہیں بلکہ قبلہ اول (بیت المقدس) کی آزادی اور پوری دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے مظالم کے خلاف موثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ یوم القدس کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں بروئے کار لائیں، جبکہ انہوں نے تنظیمی عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ یوم القدس کے سلسلے میں عوام میں آگاہی پیدا کریں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے علماء و خطباء سے بھی اپیل کی کہ وہ جمعۃ المبارک کے خطبات میں برما کے مسلمانوں پر توڑے جانے والے مظالم کیخلاف بھرپور آواز اٹھائیں اور احتجاج کریں جبکہ عوام کو یوم القدس کے پروگراموں میں شرکت پر آمادہ کریں۔
.......
/169